جے پور، 24؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ریزرو بینک کی گائڈ لائن کے مطابق بینکوں سے شادی کے لیے ڈھائی لاکھ روپے نکالنے کے لیے ملی چھوٹ شادی والے خاندانوں کو راحت پہنچانے کے بجائے مصیبت لگ رہی ہے۔ بینک کی شاخوں کے مینیجر کے مطابق، شادی کے لیے بینک سے زیادہ رقم نکالنے والوں کو جب بینک انتظامیہ کی طرف سے ریزرو بینک کی گائڈ لائن کی معلومات دی جاتی ہے تو انہیں پوری کرنے میں وہ اپنی معذوری ظاہر کرتے ہیں۔گائڈ لائن کے مطابق، جن کے گھر میں شہنائی بجنے والی ہے انہیں ان بینک سے نکالی جا رہی رقم کی ادائیگی کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ جن لوگوں کو ادا کیا جا رہا ہے، ان سے ایک ڈکلیئریشن لینا ہوگا۔اس میں انہیں بتانا ہوگا کہ ان کا بینک میں اکاؤنٹ نہیں ہے۔21 ؍نومبر کو ریزرو بینک نے شادی کے لیے بینکوں سے ایک ساتھ ڈھائی لاکھ روپے نکالنے کے لیے جاری گائڈ لائن میں رقم نکالنے والے کو اس رقم کے استعمال کی وسیع تفصیلات کے ساتھ ساتھ وصول کرنے والے سے ایک ڈکلیئریشن لینا ہے جس میں اس کا بینک اکاؤنٹ نہ ہونے کی اطلاع دینا لازمی کیا گیا ہے۔ریزرو بینک کی جانب سے جاری گائڈ لائن میں 22؍نومبر کو ایک ترمیم کی گئی تھی ، جس میں بتایا گیا تھا کہ شادی والے گھروں کو تھوڑی راحت دی گئی ہے، 10 ہزار روپے تک کی ادائیگی میں ڈکلیئریشن کی اس شرط میں چھوٹ دی گئی ہے۔آئندہ 4 ؍دسمبر کو اپنی بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنے جا رہے سریش کمار نے بتایا کہ جب وہ بینک سے ڈھائی لاکھ روپے ایک ساتھ نکالنے گئے تو بینک مینیجر نے انہیں ریزرو بینک کی گائڈ لائن سے جڑی جو شرطیں بتائیں، انہیں پورا کرنا ان کے لیے مشکل تھا کیونکہ ادائیگی وصول کنندہ سے تحریری طورپر یہ حلف نامہ لینا کہ ان کا بینک اکاؤنٹ نہیں ہے، یہ مشکل ہے۔
شادی سے جڑے حلوائی، روشنی، ٹینٹ ، بینڈ باجے والے سمیت تمام لوگوں کے عام طور پر بینک اکاؤنٹ ہوتے ہیں اور مشکل صرف چھوٹے اخراجات ،شادی میں لین دین، پنڈتوں کو دی جانے والی چھوٹی سی رقم میں ہوتی ہے، جن کا اندازہ لگاپانا مشکل کام ہے۔مان سروورمیں واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شاخ کے ایک افسر نے بتایا کہ منگل کوشادی کے کام کے واسطے بینک سے ایک ساتھ ڈھائی لاکھ روپے نکالنے کے لیے پانچ لوگوں میں سے دو لوگوں نے عرضی لگائی تھی لیکن ریزرو بینک کی گائڈ لائن کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے وہ بغیرپیسے نکالے لوٹ گئے۔جے ایل این شاہراہ پر واقع پنجاب نیشنل بینک کے ایک افسر نے بتایا کہ کل ایک دولہا اپنی شادی کے لیے ڈھائی لاکھ روپے نکالنے کی عرضی اورشادی کا کارڈ لے کر آیا تھا، لیکن ریزرو بینک کی گائڈ لائن کے مطابق سیونگ بینک اکاؤنٹ میں ڈھائی لاکھ روپے کی رقم 8؍نومبر تک ہونی چاہیے لیکن اس نے اپنے اکاؤنٹ میں یہ رقم 10؍نومبر کو جمع کرائی تھی، اس وجہ سے وہ پیسے نہیں نکال سکتے تھے ۔ریزرو بینک کی طرف سے جاری گائڈ لائن کے مطابق، سیونگ اکاؤنٹ سے شادی کے لیے ڈھائی لاکھ روپے ایک ساتھ نکالنے کے لیے کچھ شرائط کے ساتھ 30؍دسمبر تک کی چھوٹ دی گئی ہے۔سیونگ اکاؤنٹ میں 8 ؍نومبر( نوٹ بندی کی تاریخ)کو ڈھائی لاکھ روپے ہونا لازمی ہے، اس رقم کو دولہا دولہن اور ان کے والدین کی طرف سے نکالا جا سکتا ہے، لیکن انہیں گائڈلائن کے مطابق دستاویزات بینک میں پیش کرنے ہوں گے۔